لاہور:
لاہور کے حلقہ پی پی 167 میں ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کے معاملے میں تحریک انصاف دو حصوں میں تقسیم ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق رہنماؤں کی رائے تھی کہ سیاسی کمیٹی کو اس حلقے میں بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے تھا، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بائیکاٹ کی ہدایت ارکان کی سزا کے بعد ڈی سیٹ ہونے والے حلقوں میں کی تھی اور این اے 129 کی طرح پی پی 167 کا بائیکاٹ اس پالیسی کے تحت نہیں آتا۔
ضمنی انتخاب میں حصہ نہ لینے کا اعلان مرکزی سیکرٹری اطلاعات وقاص اکرم کی جانب سے کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق رہنماؤں نے تجویز دی ہے کہ سیاسی کمیٹی کے آگے بائیکاٹ پر نظرِ ثانی کی تجویز رکھی جائے۔
واضح رہے کہ پی پی 167 ضمنی انتخاب میں ملک محمد شفیع کھوکھر ن لیگ کے امیدوار ہیں، مذکورہ نشست ان کے بیٹے ایم پی اے ملک عرفان شفیع کھوکھر کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی، الیکشن کمیشن نے چار فروری کو انتخاب کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔