کراچی:
پاک کالونی پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں مارے جانے والے ملزمان ڈکیتی کے 35 سے زائد مقدمات میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔
تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب پاک کالونی تھانے کے علاقے جہان آباد کے ایم سی کٹ کے قریب پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکو حنیف، گلاب اور سلیمان ڈکیتی کے 35 سے زائد مقدمات میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔
ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ کے مطابق مقابلے میں مارے جانے والے ملزمان کے قبضے سے تین پستول، گولیاں اور موبائل فون برآمد کرلیے گئے، ہلاک ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے، ہلاک ملزمان کا گروہ شہر بھر میں بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں سے ڈکیتی کرنے میں ملوث تھا۔
ہلاک ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی، ہلاک ملزم گلاب کو بینک کے اندردیکھا جاسکتا ہے، ملزمان واردات سے پہلے اپنے ایک ساتھی کو ریکی کیلئے بینک میں بھیجتے تھے۔
ملزمان نے ماڑی پور نجی بینک کے باہرشہری سے ڈیڑھ لاکھ روپے لوٹے تھے، ملزم گلاب رقم نکالنے والے شہریوں کی ریکی کرتا تھا، ہلاک ملزم حنیف بلوچ لیاری گینگ وار کا اہم و سرگرم کارندہ تھا، ملزمان کا ڈکیت گروہ لیاری گینگ سے آپریٹ کیا جاتا تھا۔
ہلاک ملزمان پر 35 سے زائد سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات درج ہیں، ہلاک ملزمان شہریوں کو لوٹنے، شاپ رابری، غیر قانونی اسلحے، پولیس پر فائرنگ کے مقدمات میں بھی ملوث تھے۔ ملزمان کا مزید ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔