کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں واقع رئیس گوٹھ سے دھماکا خیز برآمدگی کیس میں گرفتار فتنہ الہندوستان کے گرفتار دہشت گردوں کو جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت میں بلدیہ رئیس گوٹھ سے برآمد ہونے والے 2 ہزار کلو دھماکا خیز مواد کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں گرفتار ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔
اے ٹی سی کی منتظم عدالت نے فتنہ الہندوستان کے گرفتار دہشتگردوں کو 24 جنوری تک جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔
کیس کی سماعت کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں متظم عدالت میں ہوئی جہاں ملزم نیاز قادر عرف کنگ، ہمدان عرف فرید اور جلیل احمد عرف فرید شامل کو جج کے روبرو پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان کو رئیس گوٹھ بلدیہ سے گرفتار کیا گیا، ان کا تعلق کالعدم بی ایل اے کے بشیر زیب گروپ سے ہے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان سے بارودی مواد سے بھرے ڈرم، ڈیٹونیٹر، بارود سے بھرےگیس سلنڈر اور دیگر دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، ملزمان سے تفتیش کرنی ہے ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت نے ملزمان کو 24 جنوری تک جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان یہ بارودی مواد بلوچستان سے لائے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی افسر کی مدعیت میں دھماکا خیز مواد برآمدگی کا مقدمہ درج ہوا تھا جبکہ اتوار کی رات فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کراچی کو بڑی تباہی سے بچاتے ہوئے 2 ہزار کلو بارودی مواد برآمد کیا تھا۔