74ویں روز بھی ڈالر کی پستی کا سفر جاری، روپے کی قدر مزید بڑھ گئی

انٹربینک میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 25 پیسے کی کمی سے 279روپے 85پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی


احتشام مفتی January 06, 2026
فوٹو: فائل

انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں آج 74ویں روز بھی روپے کی قدر میں اضافہ جبکہ ڈالر کی قیمت مزید کم ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کی درخواست پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے 3ارب ڈالر مالیت ممکنہ رول اوور ہونے، پاکستانی اسٹارٹ اپس کی 36.6 ملین ڈالر کی آمدن حاصل ہونے اور اصلاحات کی بدولت معیشت درست سمت پر گامزن ہونے سے ذرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو 74روز بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

متعدد ممالک کے ساتھ دفاع، تجارت، توانائی و سرمایہ کاری کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون اور کامیاب شراکت داری سمیت ذرمبادلہ کے تسلسل سے بڑھتے ہوئے سرکاری ذخائر جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔

جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 25 پیسے کی کمی سے 279روپے 85پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم اس دوران معیشت میں ذرمبادلہ کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 03 پیسے کی کمی سے 280روپے سات پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر پانچ پیسے کی کمی سے 281 روپے 10 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

مقبول خبریں