مادورو کی گرفتاری پر شرط لگانے والا جواری مالا مال ہوگیا؛ کتنے ڈالرز کمائے؟

امریکا کی خصوصی فورس 3 جنوری کو وینزویلا کے صدر کو اہلیہ سمیت گرفتار کرکے نیویارک لے آئی تھی


ویب ڈیسک January 06, 2026
وینزویلا کے صدر کو 3 جنوری کی شب ان کے بیڈ روم سے امریکی فوجیوں نے اہلیہ سمیت حراست میں لیا

امریکی فورسز کے ہاتھوں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی اہلیہ سمیت گرفتاری نے جہاں دنیا بھر میں ہلچل مچادی تھی وہیں کرپٹو کرنسی کا جواری مالدار آدمی بن گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک کرپٹو جواری نے 3 جنوری کے واقعے سے قبل شرط لگائی تھی کہ وینزویلا کے صدر گرفتار ہونے والے ہیں۔

کسی کو اس پر رتّی برابر بھی یقین نہیں تھا اس لیے آن لائن پر کافی جواریوں نے اس شرط پر پیسا لگایا کہ کامیابی حتمی تھی۔

یہ شرط کرپٹو کرنسی سے چلنے والے پلیٹ فارم پولی مارکیٹ پر لگائی گئی تھی، جہاں صارفین سیاسی اور عالمی واقعات پر داؤ لگا سکتے ہیں۔

حال ہی میں شامل ہونے والے ایک صارف نے ساڑھے بتیس ڈالر کے عوض شرط لگائی تھی کہ جنوری کے اختتام تک نکولس مادورو گرفتار ہوکر اقتدار سے باہر ہو جائیں گے۔

پولی مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق دیکھتے ہی دیکھتے جواریوں نے اس پر خوب پیسا لگایا اور حیران کن طور پر نیا صارف یہ شرط جیت گیا۔

وینزویلا کے صدر نہ صرف گرفتار ہوئے بلکہ نیویارک میں مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں اور ان کی جگہ ملک کی صدارت نائب صدر کے ہاتھوں میں آئی ہے۔

جس پر شرط لگانے والے صارف نے 4 لاکھ 36 ہزار ڈالر سے زائد کا غیر معمولی منافع کمایا۔ اس اکاؤنٹ کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہو سکی اور یہ صرف بلاک چین پر موجود حروف اور اعداد پر مشتمل شناخت کے ذریعے رجسٹرڈ تھا۔

تاہم اب اس بات پر سنگین سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں کہ آیا کسی نے امریکی فوج کی کارروائی سے متعلق خفیہ معلومات پیشگی کسی کو دی تو نہیں تھی جس کا فائدہ جواری نے اٹھایا۔

یاد رہے کہ جمعہ 2 جنوری کی دوپہر تک وینزویلا کے صدر مادورو کے اقتدار سے ہٹنے کے امکانات محض ساڑھے چھ فیصد سمجھے جا رہے تھے۔

تاہم آدھی رات سے کچھ پہلے یہ شرح گیارہ فیصد تک پہنچ گئی اور 3 جنوری کی علی الصبح اس میں اچانک اضافہ ہوا۔

کچھ ہی دیر بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ نکولس مادورو امریکی تحویل میں ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شرطوں میں اچانک اس اضافے سے یہ تاثر ملتا ہے کہ کسی کو پیشگی معلومات حاصل تھیں۔

مالیاتی اصلاحات کے لیے سرگرم غیر جانبدار ادارے بیٹر مارکیٹس کے چیف ایگزیکٹو ڈینس کیلہر نے کہا کہ اس شرط میں اندرونی معلومات کی بنیاد پر تجارت کی تمام نشانیاں موجود ہیں۔

اس کے علاوہ پولی مارکیٹ کے چند دیگر صارفین نے بھی مادورو کی گرفتاری سے متعلق شرطوں پر دسیوں ہزار ڈالر کمائے۔ اس معاملے نے امریکی قانون سازوں کی توجہ بھی حاصل کر لی ہے۔

نیویارک سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ رکن کانگریس رچی ٹوریس نے پیر کے روز ایک بل پیش کیا ہے جس کا مقصد سرکاری ملازمین کو ایسے پیشگوئی بازاروں میں شرط لگانے سے روکنا ہے جہاں ان کے پاس غیر عوامی اور اہم معلومات موجود ہوں۔

یاد رہے کہ پیشگوئی پر مبنی مارکیٹس حالیہ برسوں میں امریکا میں تیزی سے مقبول ہوئی ہیں۔ 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات کے دوران ان پلیٹ فارمز پر سیکڑوں ملین ڈالر کی شرطیں لگائی گئیں۔

اگرچہ اسٹاک مارکیٹ میں اندرونی معلومات پر تجارت غیر قانونی ہے تاہم پیشگوئی بازاروں کے لیے قوانین نسبتاً کم سخت ہیں۔

بائیڈن انتظامیہ کے دور میں ان پلیٹ فارمز کو ریگولیٹری جانچ کا سامنا رہا جبکہ ٹرمپ دور میں اس صنعت کو نسبتاً زیادہ حمایت حاصل ہوئی۔

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ صدر ٹرمپ کے صاحبزادے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کلشی اور پولی مارکیٹ دونوں میں مشاورتی کردار ادا کرتے ہیں۔

کلشی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان کا پلیٹ فارم ہر قسم کی اندرونی معلومات اور بشمول سرکاری ملازمین کی ایسی سرگرمیوں پر مبنی تجارت کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔

مادورو کی گرفتاری سے متعلق اس شرط نے نہ صرف مالیاتی شفافیت بلکہ قومی سلامتی اور اخلاقی سوالات کو بھی جنم دے دیا ہے، جن پر آئندہ دنوں میں مزید تحقیقات متوقع ہیں۔

 

مقبول خبریں