بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری دو مرحلوں میں ہوگی، وزیراعظم کو بریفنگ

پہلے مرحلے میں آئیسکو، گیپکو اور فیسکو شامل، اگلے مرحلے میں حیسکو اور سیپکو کی نجکاری ہوگی


اسٹاف رپورٹر January 06, 2026

اسلام آباد:

حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری دو مرحلوں میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے مرحلے میں آئیسکو (اسلام آباد)، گیپکو (گوجرانوالا) اور فیسکو (فیصل آباد ) شامل ہیں، اگلے مرحلے میں حیسکو (حیدرآباد) اور سیپکو (سکھر) کی نجکاری کی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نجکاری کمیشن کے امور پر اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں نجکاری کے عمل، جاری اصلاحات اور آئندہ لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خسارے کی شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے 75 فیصد حصص کی کامیاب نجکاری “بارش کا پہلا قطرہ” ہے، جس کے بعد دیگر اداروں میں بھی پیش رفت تیز کی جائے گی۔

وزیراعظم نے نجکاری کمیشن میں اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کمیشن میں نجی شعبے اور مارکیٹ سے بہترین صلاحیتوں کے حامل ماہرین کی تعیناتی کی جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام تر بھرتیاں انتہائی شفاف انداز میں ہوں۔ وزیراعظم نے نجکاری کمیشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے، نجکاری منصوبوں کا بین الاقوامی معیار کی فرم سے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے اور پبلک ریلیشنز و مارکیٹنگ کے شعبے کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو نجکاری کمیشن میں جاری اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مارکیٹ سے فنانس، ہیومن ریسورس، قانون، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور میڈیا مینجمنٹ کے شعبوں میں ایڈوائزرز بھرتی کیے جائیں گے جبکہ اسٹریٹیجی، پالیسی، ٹرانزیکشن اور پاور کے شعبوں کے لیے کنسلٹنٹس تعینات ہوں گے۔ 

بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ اسٹریٹیجک نظم و ضبط، مضبوط گورننس، ادارہ جاتی استعداد میں اضافہ اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شفاف روابط نجکاری کمیشن میں جاری اصلاحات کی بنیاد ہیں۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری ابتدائی طور پر دو بیچز میں کی جائے گی پہلے بیچ میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، گوجرانوالا الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور فیصل آباد الیکٹرک پاور کمپنی (فیسکو) شامل ہوں گی، جبکہ دوسرے بیچ میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کی نجکاری کی جائے گی۔

مقبول خبریں