بھارت میں عدالتوں کو بم دھماکوں سے اُڑانے کی دھمکی؛ علاقے میں خوف و ہراس

بھارتی سیکیورٹی فورسز نے عدالتیں خالی کراکے سرچ آپریشن کیا


ویب ڈیسک January 06, 2026
مودی سرکار کے افسران کی دوڑیں لگ گئیں

بھارتی ریاست گجرات کی عدالتوں کو بم دھماکوں سے اُڑانے کی دھمکیوں پر افسران کی دوڑیں لگ گئیں اور سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عدالتی عمارتوں کو خالی کرالیا۔

سیکیورٹی فورسز نے ججوں، وکلا، عدالتی عملے اور سائلین کو بھی حفاظتی اقدامات کے تحت عمارتوں سے باہر نکال دیا اور مکمل تلاشی لی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ 5 اور 6 جنوری کے دوران گجرات ہائی کورٹ سمیت کم از کم چھ عدالتوں کو ای میل کے ذریعے بم دھماکوں کی دھمکیاں دی گئیں۔

ان دھمکیوں میں احمد آباد سیشن کورٹ اور متعدد ضلعی عدالتیں بھی شامل ہیں جس کے بعد سکیورٹی ادارے فوری حرکت میں آ گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تاحال کسی بھی عدالت سے کوئی مشتبہ شے یا دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا، تاہم خطرے کے پیش نظر سکیورٹی اقدامات برقرار رکھے گئے ہیں۔

پولیس نے ای میلز کے ذرائع کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سائبر کرائم یونٹس کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی صورتحال کا مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی عدالتی سرگرمیاں بحال کی جائیں گی، جبکہ عوام کو افواہوں پر کان نہ دھرنے اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ واقعہ ایک بار پھر بھارت میں حساس سرکاری اداروں کی سکیورٹی اور بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات پر سوالات کھڑے کر رہا ہے۔

مقبول خبریں