کراچی کے علاقے مائی کلاچی روڈ پر خشک مین ہول سے ماں اور اس کے تین بچوں کی لاشیں ملنے کے اندوہناک واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لرزہ خیز قتل کی شفاف اور جامع تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، یہ خصوصی ٹیم ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے احکامات پر بنائی گئی ہے جس کی سربراہی ایس پی انویسٹیگیشن کیماڑی کریں گے۔ تحقیقاتی ٹیم میں ایک ڈی ایس پی، تین انسپکٹرز اور ایک سب انسپکٹر شامل ہیں۔
جاری کردہ حکمنامے کے مطابق خصوصی تحقیقاتی ٹیم ماں اور بچوں کے قتل کی ہر پہلو سے تحقیقات کرے گی۔ ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ قتل کے اصل محرکات، پس پردہ حقائق اور اس اندوہناک واردات میں ممکنہ طور پر ملوث دیگر ملزمان کا بھی سراغ لگائے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم کو حسبِ ضرورت ساؤتھ زون میں تعینات کسی بھی افسر یا اہلکار کی خدمات حاصل کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیم کو کیس سے متعلق تحقیقاتی پیش رفت سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اعلیٰ حکام کو آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مائی کلاچی کے قریب مین ہول سے ماں اور تین بچوں کی لاشوں کی برآمدگی نے شہر بھر میں خوف و ہراس پھیلا دیا تھا، جبکہ واقعے نے سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالات کھڑے کر دیے تھے۔