کراچی میں بیٹے کی شکایت لے کر آنے والے شخص نے پڑوسی کو قتل کردیا گیا

واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا جس کی شناخت زاہد جدون کے نام سے ہوئی، حادثہ شاہ لطیف ٹاؤن میں پیش آیا


اسٹاف رپورٹر January 06, 2026

شہر قائد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں شکایت کرنے پر پڑوسی نے بیٹے کی شکایت لے کر آنے والے پڑوسی کو گولی مار کر قتل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 20 بی درخشاں شادی حال کے قریب  پڑوسی کی فائرنگ سے پڑوسی جاں بحق ہوگیا ، مقتول نے ملزم سے اس کے بیٹے کی شکایت کی تھی جس پر ملزم نے طیش میں آکر پڑوسی کو ہی موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

 پولیس نے ملزم کے گھر چھاپہ مار کر پوچھ گچھ کے لیے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 40 سالہ عامر ولد سید بادشاہ کے نام سے ہوئی جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایس ایچ او ممتاز مروت نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ مقتول عامر نے اپنے پڑوسی زاہد جدون کو اس کے بیٹے کی گھر جا کر شکایت کی تھی کہ اس کا بیٹا میرے بچے کو تنگ کرتا ہے جس پر ملزم نے اپنے بیٹے کو سمجھانے کے بجائے طیش میں آکر شکایت کرنے والے پڑوسی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کا خول ملا ہے جبکہ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے جبکہ پولیس نے ملزم کے گھر چھاپہ مار کر اس کی اہلیہ سمیت دیگر افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے ۔

مقبول خبریں