نیوزی لینڈ کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلیے تجربہ کار اسکواڈ کا اعلان، جیکب ڈفی بھی شامل

جیکب ڈفی نے گزشتہ سال 36 بین الاقوامی میچز میں 81 وکٹیں لے کر سر رچرڈ ہیڈلی کا 40 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا تھا


اسپورٹس ڈیسک January 07, 2026

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی تجربہ کار اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولنگ کے اہم ستون جیکب ڈفی کو پہلی بار کسی سینئر ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

31 سالہ جیکب ڈفی اس اسکواڈ کے واحد نئے کھلاڑی ہیں جبکہ مجموعی طور پر ٹیم کے کھلاڑیوں کے پاس 1064 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کا تجربہ موجود ہے۔

ڈفی اس وقت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں اور انہوں نے 2025 میں 36 بین الاقوامی میچز میں 81 وکٹیں لے کر سر رچرڈ ہیڈلی کا 40 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔

کیوی ٹیم کی قیادت اپنا نواں آئی سی سی عالمی ایونٹ کھیلنے والے مچل سینٹنر کریں گے۔

فاسٹ بولنگ میں لوکی فرگیوسن، میٹ ہنری اور ایڈم ملنے شامل ہیں جبکہ جمی نیشم آل راؤنڈر کے طور پر اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

اسپن ڈیپارٹمنٹ میں ایش سودھی کے ساتھ مائیکل بریسویل، گلین فلپس اور رچن رویندرا شامل ہیں۔

بیٹنگ لائن میں فن ایلن، مارک چیپمین، ڈیوون کانوے، ڈیرل مچل اور ٹم سیفرٹ شامل ہیں۔ سیفرٹ وکٹ کیپنگ کے فرائض بھی انجام دیں گے۔

کئی کھلاڑی معمولی انجریز سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور ٹیم مینجمنٹ کے مطابق وہ ٹورنامنٹ تک فٹ ہو جائیں گے۔

فاسٹ بولر کائل جیمیسن کو ریزرو کے طور پر ٹیم کے ہمراہ رکھا گیا ہے۔

 

مقبول خبریں