برازیلین فٹبال اسٹار نیمار جونیئر کے سپر لگژری پرائیوٹ جیٹ، ہیلی کاپٹر اور بیٹ موبائل نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔
اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر برازیل کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار نیمار نے اپنی شاہانہ زندگی کی ایک اور جھلک دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ ’خواب سچ ہوسکتے ہیں‘۔
نیمار نے حال ہی میں تقریباً 13 لاکھ پاؤنڈ (پاکستانی 49 کروڑ روپے سے زائد) مالیت کی ایک بیٹ موبائل خریدی ہے، جو اگرچہ وہ سڑک پر نہیں چلا سکتے، مگر ان کی لگژری کلیکشن کا منفرد حصہ بن چکی ہے۔

شیئر کی گئیں تصاویر اور ویڈیوز میں نیمار کی نئی بیٹ موبائل ان کے نجی ہیلی کاپٹر اور سیاہ رنگ کے پرائیویٹ جیٹ کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے۔

یہ بیٹ موبائل دراصل ایک ریپلیکا ہے جسے 50 افراد کی ٹیم نے 3 سال کے عرصے میں تیار کیا ہے۔

بیٹ موبائل کے علاوہ نیمار کے پاس تقریباً ایک کروڑ پاؤنڈ (پاکستانی 3 ارب 77 کروڑ روپے سے زائد) مالیت کا بیٹ کاپٹر اور 3 کروڑ 70 لاکھ پاؤنڈ (پاکستانی ایک کھرب 39 ارب روپے سے زائد) کا ڈسالٹ فالکن پرائیویٹ جیٹ بھی موجود ہے، جس سے ان کی اس کلیکشن کی مجموعی مالیت تقریباً 5 کروڑ پاؤنڈ (پاکستانی ایک کھرب 88 ارب روپے سے زائد) تک پہنچ جاتی ہے۔
نیمار بیٹ مین کے بڑے مداح ہیں اور 2022 میں فلم ’دی بیٹ مین‘ کے پریمیئر میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ نیمار کے کار کلیکشن میں رولز رائس گھوسٹ، بینٹلے، لیمبورگینی، آسٹن مارٹن اور دیگر مہنگی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔
سعودی کلب الہلال کے ساتھ بھاری معاہدے کے بعد ان کی دولت میں غیر معمولی اضافہ ہوا اور موجودہ اندازوں کے مطابق ان کے اثاثے 33 کروڑ پاؤنڈ (پاکستانی تقریباً 12 کھرب 45 ارب روپے) سے زائد ہیں۔