معروف اداکارہ صبا فیصل نے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والے اور ٹرولنگ کرنے والے شرپسندوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
’’نصیب سے زیادہ نہ شہرت ملتی ہے نہ فالوورز‘‘، یہ کہنا تھا صبا فیصل کا جن کے ایک انٹرویو کو سیاس و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اور ٹرولنگ کی جاری رہی تھیں۔
صبا فیصل نے جو سوشل میڈیا پر اپنے دو ٹوک تبصروں اور بے لاگ جواب دینے کے باعث شہرت رکھتی ہیں۔ ایک بار پھر بحث کا رخ ہی موڑ دیا۔
یہ معاملہ اُس وقت شروع ہوا جب صبا فیصل نے ایک مارننگ شو میں نوبیاہتا دلہنوں کو سسرال کے حوالے سے چند اہم مشورے دیئے۔
جہاندیدہ اداکارہ صبا فیصل نے بالخصوص بہوؤں کے لباس اور سسرال میں آرام کے اوقات کار و آداب پر کھل کر گفتگو کی تھی۔
تاہم ان کی گفتگو میں سے ایک خاص جملے کو پکڑ کر سیاق و سباق کے بغیر ’’خبر‘‘ بناکر پیش کیا گیا اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی حقائق جانے بغیر ٹرولنگ شروع کردی۔
جس پر صبا فیصل نے خاموش رہنے کے بجائے ایسے شرپسندوں کو انسٹاگرام پر کھرا جواب دینے کا فیصلہ کیا۔

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے نام سے منسوب ایک خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے صاف لفظوں میں لکھا کہ شرپسند ایسے ہی ہوتے ہیں جو بات کا رخ بدل دیتے ہیں۔ مت کریں یہ سب۔ جو ہے، جتنا نصیب میں ہے، اس سے زیادہ نہ شہرت ملے گی نہ فالوورز۔
صبا فیصل کی اس بات کی سوشل میڈیا صارفین نے بھی حمایت کی اور گمراہ کن خبروں کے وائرل ہوکر سچ کا گماں پیدا کرنے کو تشویشناک عمل قرار دیا۔