بجلی مزید مہنگی؛ یکم جنوری سے اوسط بنیادی ٹیرف  میں اضافے کا فیصلہ

جنوری 2026 سے بجلی کا اوسط قومی بنیادی ٹیرف 33 روپے 38 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، اعلامیہ


ضیغم نقوی January 08, 2026
تاجکستان میں بجلی چوروں کو دس سال قید کی سزا ہوگی

اسلام آباد:

یکم جنوری سے بجلی کے اوسط بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 79 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیپرا نے ڈسکوز کی درخواست پر بجلی کے اوسط بنیادی ٹیرف سے متعلق اپنا فیصلہ جاری کر دیا ہے، جسے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق وفاقی حکومت سے منظوری کے بعد ہوگا۔

نیپرا کے مطابق جنوری 2026ء  سے فی یونٹ بجلی کے اوسط نرخ 33 روپے 38 پیسے مقرر کیے گئے ہیں جب کہ اس وقت ملک میں نافذالعمل فی یونٹ بجلی کے اوسط بنیادی نرخ 31 روپے 59 پیسے ہیں۔ نیپرا کا متعین کردہ نیا ٹیرف موجودہ ٹیرف سے ایک روپے 79 پیسے فی یونٹ زیادہ ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جنوری 2026 سے بجلی کا اوسط قومی بنیادی ٹیرف 33 روپے 38 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، جو مالی سال 26-2025 کے لیے پہلے سے مقررہ 34 روپے فی یونٹ کے ٹیرف سے 62 پیسے کم ہے۔ اعلامیے کے مطابق سال 2026 کے لیے ڈسکوز کی مجموعی مالی ضرورت کا تخمینہ 3379 ارب روپے لگایا گیا ہے، جس میں 2923 ارب روپے بجلی کی خریداری کی قیمت شامل ہے جب کہ 456 ارب 15 کروڑ روپے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے اخراجات اور منافع کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

نیپرا کے مطابق سال 2026 میں بجلی کی سالانہ فروخت کا تخمینہ 101 ارب یونٹ لگایا گیا ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر کمپنی کا الگ الگ ٹیرف مقرر کیا گیا ہے، تاہم ملک بھر میں بجلی کے یکساں ٹیرف کا قانون نافذ ہے۔ نیپرا نے یکساں ٹیرف کی درخواست دائر کرنے کے لیے  بھی اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے۔

مقبول خبریں