کویت میں بھی منشیات اسمگلنگ پر 2 بھارتی شہریوں کو سزائے موت

بھارتی شہریوں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی تھی اور یہ بین الاقوامی نیٹ ورک کا حصہ بھی تھے


ویب ڈیسک January 08, 2026

کویت کی عدالت نے منشیات اسمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک سے منسلک دو بھارتی شہریوں کو سزائے موت سنا دی جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی تھی۔

عرب میڈیا کے مطابق استغاثہ کی جانب سے پیش کردہ شواہد کی بنیاد پر عدالت اس نتیجے پر پہنچی کہ ملزمان ایک بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ تھے جو کویت سے باہر سے کام کر رہا تھا۔

یاد رہے کہ دونوں ملزمان کو سیکیورٹی فورسز نے کویت کے علاقوں کیفان اور شوایک سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔

چھاپہ مار کارروائی کے دوران سیکیورٹی حکام نے ملزمان کے قبضے سے 14 کلوگرام ہیروئن اور 8 کلوگرام میتھ ایمفیٹامین برآمد کی تھی۔

ان کے علاوہ ملزمان کے قبضے سے منشیات کو تولنے کے لیے استعمال ہونے والے الیکٹرانک ترازو اور دیگر ساز و سامان بھی ضبط کیا گیا۔

یہ فیصلہ فوجداری عدالت نے جج خالد الطحوس کی سربراہی میں سنایا گیا۔

یہ مقدمہ وزارتِ داخلہ کی جانب سے پہلے اعلان کردہ ایک خصوصی آپریشن کے بعد سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ یہ گرفتاریاں منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم اور سرحد پار مجرمانہ نیٹ ورکس کو توڑنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

وزارتِ داخلہ کے بقول خفیہ معلومات اور مسلسل نگرانی کے بعد تفتیشی ٹیمیں ملزمان تک پہنچیں جن کے پاس تجارتی بنیادوں پر فروخت کے لیے تیار کی گئی منشیات موجود تھیں۔

یاد رہے کہ منشیات کے خلاف ملک گیر آپریشن پہلے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ داخلہ شیخ فہد الیوسف کی نگرانی میں شروع کیا گیا تھا۔

عدالتی فیصلے کویت کے منشیات سے متعلق سخت قوانین اور اسمگلنگ جیسے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی عکاسی کرتا ہے جہاں ایسے جرائم پر سخت ترین سزائیں دی جاتی ہیں۔

 

مقبول خبریں