جن کی ہیروئن بنیں پھر انکی ماں کا کردار نبھانا کیسا لگتا ہے؟ اداکارہ نے سچ بتادیا

مرد اداکار تو تمام عمر ہیرو رہتے ہیں لیکن ان کی ہیروئن کو کچھ عرصے بعد ان کی ماں کا کردار دیدیا جاتا ہے


ویب ڈیسک January 08, 2026
زینب قیوم ڈراموں میں فیصل قریشی کی ماں کا کردار بھی ادا کیا ہے

معروف اداکارہ زینب قیوم بھی ان اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جو شوبز میں مرد اداکاروں کی اجارہ داری اور حاکمیت کا شکار ہیں۔

اکثر اداکاراؤں کو دیکھا گیا ہے وہ جس اداکار کے ساتھ ہیروئن آئی تھیں، چند برسوں بعد ڈراموں میں انہی اداکار کی ماں بھی بنیں۔

یہ دہرا معیار عام ہے کہ مرد اداکار کو ہمیشہ ہیرو کے روپ میں دکھایا جاتا ہے جب کہ ان کے ساتھ کی ہیروئن کو چند سالوں بعد ہی ماں کے کردار ملنے لگتے ہیں۔

زینب قیوم بھی ان اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جو آج کل ڈراموں میں اُن ہیروز کی ماں بن رہی ہیں جن کے ساتھ بطور ہیروئن آیا کرتی تھیں۔

تاہم زینب قیوم کو اس بات سے کوئی پریشانی نہیں ہے کیوں کہ وہ کردار کو زیادہ اہمیت دیتی ہیں۔ 

حالیہ انٹرویو میں اس پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ جن کی آپ ہیروئن رہی ہیں پھر ڈراموں میں ان کی ماں بننا بہت مشکل اور چیلنجنگ کام ہوتا ہے۔

زینب قیوم نے بتایا کہ لوگ اکثر سوال کرتے ہیں کہ آپ فیصل قریشی یا ہمایوں سعید جیسے اداکاروں کی ماں کا کردار کیوں قبول کر لیتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میرا جواب یہی ہوتا ہے کہ میں اداکار سے زیادہ پروڈکشن ہاؤس اور ہدایت کار کو ترجیح دیتی ہوں۔

زینب قیوم نے مزید کہا کہ اسی طرح میں کردار پر زیادہ فوکس کرتی ہوں کہ میرے لیے کس کیریکٹر میں زیادہ اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا موقع ملے گا۔

سوشل میڈیا صارفین نے زینب قیوم کے اپنے کام سے لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک فنکار کو اسی سوچ کا حامل ہونا چاہیے۔

 

 

مقبول خبریں