لاہور:
اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم سربراہ نوازشریف کو مل کر چلنے کی دعوت دے دی۔
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم جس جی ٹی روڈ سے آئے ہیں اسی روڈ سے نواز شریف بھی ریلی کی صورت میں آئے تھے اور ووٹ کو عزت دو کا ںعرہ لگایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کہتا ہوں آجاؤ ہمارے ساتھ مل کر دوبارہ ووٹ کوعزت دوکے نعرے کو تقویت دو۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر ہم سب نے مل کر ہمت کی تو عمران خان جیل سے نکلے گا، ملک آگے بڑھے گا، ہم پولیس سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ آپ وہ قوانین مانیں جو قانون کے مطابق ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ظلم مٹانے نکلیں ہیں، آؤ ہمارے ساتھ چلو، ہم ہر اس ادارے اور پارٹی کے مخالف ہیں جو پاکستان کے آئین کی مخالفت کرتے ہیں۔
اپوزیشن رہنما نے کہا کہ آج سرمایہ دار بھاگ رہا ہے، غریب کا کوئی پرسان حال نہیں، جب ہم 8 فرروی کو ہاکستان بند کریں گے تو پھر مذاکرات ہوں گے، مذاکرات تب ہوں گے جب یہاں آئین کی بالادستی ہوگی۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم پاکستان کے طول و عرض میں ظلم کے خلاف نکلے ہیں، صاف شفاف الیکشن ہوں اور جو قانون کے مطابق جیتے وہی حکمرانی کرے۔
قبل ازیں محمود خان اچکزئی، سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس اور دیگر اپوزیشن اراکین سمیت پی ٹی آئی کے ارکین زمان پارک پہنچے جبکہ ان کے قافلے کو متعدد مقامات پر روکا گیا اور اپوزیشن نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔