دالبندین میں نامعلوم شخص کا دھڑ اور پلاسٹک بیگ میں لپٹا سر برآمد

مقتول کو سر میں نزدیکی فاصلے سے ایک گولی مار کر بے دردی سے قتل کیا گیا


سردار حمید خان January 09, 2026

کوئٹہ:

بلوچستان کے ضلع چاغی کے صدر مقام دالبندین شہر سے ایک نامعلوم نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق مقتول کو سر میں نزدیکی فاصلے سے ایک گولی مار کر بے دردی سے قتل کیا گیا، جبکہ سر کو پلاسٹک بیگ میں لپیٹ کر پھینک دیا گیا تھا، جو واقعے کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ لاش کو پرنس فہد بن سلطان اسپتال دالبندین منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں پوسٹ مارٹم کے لیے طبی عملہ مصروف ہے۔

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ نوجوان کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان ہے تاہم ابھی تک اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ لاش کی حالت سے لگتا ہے کہ قتل چند گھنٹے قبل کیا گیا۔

مقامی پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے ہیں اور ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ذاتی دشمنی، لوٹ مار یا کسی اور مجرمانہ عنصر سے منسلک ہو سکتا ہے، تاہم تفتیش جاری ہے۔

ضلع چاغی میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے، اور حالیہ مہینوں میں اس طرح کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ مقامی صحافیوں اور عوام کا مطالبہ ہے کہ پولیس فوری طور پر ملزموں کو گرفتار کرے تاکہ مزید ایسے واقعات روکے جا سکیں۔

مقبول خبریں