کراچی؛ بے لگام ہیوی ٹریفک آدھے گھنٹے کے دوران مزید 2 جانیں نگل گئی

پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ایک ٹرالر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا، دوسرا فرار ہوگیا تاہم دونوں ٹرالر قبضے میں لے لیے گئے ہیں


شاہ میر خان January 11, 2026
فوٹو فائل

کراچی:

کیماڑی کے علاقے بلدیہ اور سائٹ ایریا میں آدھے گھنٹے کے دوران ہیوی ٹریفک نے دو افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردیے۔

ریسکیو حکام کے مطابق تھانہ مدینہ کالونی کے علاقے بلدیہ سوات کالونی ناردرن بائی پاس روڈ پر ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا، جن کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کردی گئی۔

ایس ایچ او تھانہ مدینہ کالونی حکم داد نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ پولیس نے ٹرالر اور متوفی کی موٹر سائیکل کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متوفی کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی ہے، حادثے میں جاں بحق شخص کے پاس شناخت کی کوئی چیز موجود نہیں تھی تاہم پولیس کی جانب سے مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

ادھر سائٹ اے کے علاقے سائٹ ایریا ولیکا کے قریب بھی ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جاں بحق شخص کی لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ہیڈ محرر شریف اللہ نے بتایا کہ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ٹرالر کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹرالر بھی قبضے میں لے لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم جاں بحق شخص کی شناخت کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

مقبول خبریں