نیوکراچی میں پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتارملزم قتل مقدمے میں ملوث نکلا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی وائرل ہوگئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق اتواراورپیرکی درمیانی شب نیو کراچی تھانے کے علاقے نیو کراچی سیکٹر لیون جے گورنمنٹ اسکول کے قریب پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ملزم عمران خان ولد سومار خان نیو کراچی کی حدود میں قتل کے ایک مقدمے میں ملوث نکلا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی وائرل ہوئی تھی۔
ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق گرفتار ملزم سے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ گرفتارملزم عمران خان نے اپنے دیگرساتھیوں کے ہمراہ 20 دسمبر 2025 کو نیو کراچی سیکٹرالیون ڈی میں محمد شکیل ولد اللہ نواز کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
مذکورہ قتل کا مقدمہ نمبر 812/25 بجرم دفعہ 302/34 نیو کراچی میں درج ہے جس میں ملزمان موٹرسائیکلوں پرسوارہو کر آئے اورفائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے تھے۔
گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور دوران تفتیش اس کے فرار ساتھیوں اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔
پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والے ملزم کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قانونی کارروائی کے تحت تفتیش میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں تیزکردی گئی ہیں۔