کشمیر اور گلگت بلتستان کے ٹیکس پیئرز کے نام پاکستان کی ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ

اس مقصد کے لیے ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز میں ترامیم کردی ہیں


ارشاد انصاری January 12, 2026

اسلام آباد:

ایف بی آر نے آزاد جموں و کشمیر سینٹرل بورڈ آف ریونیو یا گلگت بلتستان کونسل بورڈ آف ریونیو کی ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل لوگوں کے نام پاکستان کی ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز میں ترامیم کردی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف بی آر نے نوٹی فکیشن کے ذریعے انکم ٹیکس رولز 2002ء میں مزید ترامیم کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر سنٹرل بورڈ آف ریونیو یا گلگت بلتستان کونسل بورڈ آف ریونیو کی ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل لوگوں کے نام پاکستان میں بھی ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل کرنے کا طریقہ کارمتعارف کروادیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق انکم ٹیکس رولز کے رول 8I بی میں ذیلی قاعدہ (9) کو تبدیل کیا گیاہے اور نئی شق کے مطابق آزاد جموں و کشمیر سنٹرل بورڈ آف ریونیو یا گلگت بلتستان کونسل بورڈ آف ریونیو کی ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل کسی شخص کا نام انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 181 اے کے تحت پاکستان کی ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں بھی شامل کیا جائے گا بشرطیکہ اس کا عارضی یا مستقل پتہ آزاد جموں و کشمیر یا گلگت بلتستان میں ہو۔

اگر ایسے شخص کے عارضی اور مستقل دونوں پتے پاکستان میں ہوں تو ایک مخصوص طریقہ کار اپنایا جائے گا جس کے تحت متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو، جو شناختی کارڈ میں درج عارضی پتے کی بنیاد پر دائرہ اختیار رکھتا ہو آئیرس (آئی آر آئی ایس) کے ذریعے تحقیق، انکوائری اور متعلقہ شخص سے تحریری یقین دہانی کے بعد اس بات کی تصدیق کرے گا کہ اس کی پاکستان میں کوئی ملازمت یا کاروبار موجود نہیں ہے اس کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر یا گلگت بلتستان کے متعلقہ بورڈ کا کمشنر آئی آ ر آئی ایس کے ذریعے وہاں ملازمت یا واحد کاروبار کی موجودگی کی تصدیق کرے گا۔

مزید یہ کہ اگر کمشنر ان لینڈ ریونیو کو یہ شبہ ہو کہ ایسا شخص انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 114 کے تحت گوشوارہ جمع کرانے کا پابند ہے اور نوٹس کے باوجود گوشوارہ جمع نہیں کراتا، تو اس کا نام سیکشن 181 اے کے تحت ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ سے خارج کردیا جائے گا۔

مقبول خبریں