امریکا کی معروف کمپنی آئی کوائن نے پاکستان میں ڈیجیٹل مالی نظام کے امکانات کو روشن قرار دے دیا جبکہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں ابتدائی مگر اہم مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی ڈیجیٹل کمپنی آئی کوائن ٹیکنالوجی کے وفد کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے ریگولیٹری فریم ورک اور سرمایہ کاری کے مواقع پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے بینکوں اور متعلقہ ریگولیٹرز کے درمیان رابطے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں ایک ابتدائی مگر اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق امریکی کمپنی کے وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور بلاک چین، اسٹیبل کوائنز اور کم لاگت ڈیجیٹل مالی نظام کے فوائد سے آگاہ کیا ۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کرپٹو کونسل اور ورچوئل اثاثہ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر پیش رفت کر رہی ہے جبکہ ڈیجیٹل اثاثوں کو محفوظ، شفاف اور صارف دوست ماحول میں لانا حکومتی ترجیحات میں شامل ہےْ
ملاقات میں صارفین کے تحفظ اور شفافیت کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ وفد نے امریکا اور کینیڈا کے تجربات سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان میں جدید ڈیجیٹل مالی نظام کے امکانات کو اجاگر کیا۔