دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری؛ ایشیائی ممالک سرفہرست

طاقتورترین پاسپورٹ کی فہرست میں تین ایشیائی ممالک نے میدان مارلیا


ویب ڈیسک January 13, 2026

معروف اور مستند ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے سال 2026 کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ درجہ بندی متعلقہ پاسپورٹ پر دنیا بھر میں بغیر ویزا یا کم پابندیوں کے ساتھ سفر کی سہولت کے حوالے سے کی جاتی ہے۔

رواں برس کی فہرست میں ایشیائی ممالک نے سبقت حاصل کرلی اور پہلے نمبر پر سنگاپور ہے تو دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر براجمان ہیں۔

سنگاپور کے شہریوں کو دنیا کے 227 میں سے 192 ممالک اور خطوں میں بغیر ویزا یا ویزا آن آرائیول کی سہوت حاصل ہونے کے باعث اوّل نمبر ملا ہے۔

جاپان اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹس دوسرے نمبر پر ہیں جن پر 188 ممالک میں بغیر ویزے کے جایا جا سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ برتری ایشیائی ممالک کے سیاسی استحکام، مضبوط سفارتی تعلقات اور عالمی سطح پر اعتماد کا مظہر ہے۔

اگرچہ ایشیائی ممالک سرفہرست ہیں تاہم مجموعی طور پر یورپ کی بڑی تعداد ٹاپ رینکنگ میں شامل ہے۔

ڈنمارک، لکسمبرگ، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔ ان پاسپورٹس کے حامل افراد 186 ممالک تک بغیر ویزے کے رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

چوتھے نمبر پر مشترکہ طور پر 10 یورپی ممالک شامل ہیں جن میں جرمنی، فرانس، اٹلی اور نیدرلینڈز نمایاں ہیں۔ ان پاسپورٹس پر بغیر ویزے کے 185 ممالک کا سفر کیا جا سکتا ہے

متحدہ عرب امارات کی تاریخی کامیابی

متحدہ عرب امارات (UAE) پانچویں نمبر پر آ گیا ہے اور اسے انڈیکس کی 20 سالہ تاریخ کی سب سے بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

2006 کے بعد یو اے ای نے 149 نئی ویزا فری منزلیں حاصل کیں اور 57 درجے بہتری کے ساتھ اوپر آیا۔

ہینلے کی رپورٹ کے مطابق یہ کامیابی مسلسل سفارتی سرگرمیوں اور ویزا پالیسی میں نرمی کا نتیجہ ہے۔

امریکا اور برطانیہ کی گرتی ہوئی ساکھ

رپورٹ میں مغربی ممالک کے لیے تشویش ناک رجحان بھی سامنے آیا ہے۔ برطانیہ کو گزشتہ ایک سال میں سب سے زیادہ نقصان ہوا اور اب یہ 182 ممالک تک ویزا فری رسائی کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔

اسی طرح امریکا بھی مسلسل نیچے آتا جا رہا ہے۔ رواں برس اس کا نمبر دسواں ہے اور اس کے پاسپورٹ پر 179 ممالک میں سفر کے لیے ویزے کے ضرورت نہیں ہے۔

کمزور ترین پاسپورٹس

اس فہرست میں سب سے آخری نمبر 101 واں نمبر افغانستان کا ہے یعنی یہ سب سے کمزور ترین پاسپورٹ ہے۔ جس پر صرف 24 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان کا نمبر کون سا ہے ؟

افغانستان کے بعد شام اور عراق بالترتیب 100 اور 99 ویں نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان یمن کے ساتھ مشترکہ طور پر 98 نمبر پر ہے۔

 

مقبول خبریں