کراچی:
شہر قائد میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 6 زخمی ڈاکوؤں سمیت مجموعی طور پر 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک شہری بھی فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہو گیا۔
پہلا واقعہ فیروزآباد تھانے کی حدود میں شہید ملت روڈ ہل پارک کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت کامران کے نام سے کی گئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔
دوسری کارروائی میں سچل پولیس کا سعدی ٹاؤن کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت عبدالمالک عرف توڑا کے نام سے ہوئی، جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے پستول، موبائل فون اور چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
اسی طرح عزیز بھٹی پولیس نے ڈالمیا روڈ سیمنٹ فیکٹری کے قریب کارروائی کرتے ہوئے زخمی سمیت دو ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو دنود اسپتال جبکہ دوسرے گرفتار ملزم عامر پٹھان کو تھانے منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے پستول، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
مزید کارروائی میں سائٹ اے پولیس نے میٹروول، مالاکنڈ قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزمان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی شناخت فرمان اور سعید احمد کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو پستولیں، چھینے گئے موبائل فونز اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔
دریں اثنا عیدگاہ کے علاقے جوبلی کے قریب فائرنگ کے ایک واقعے میں ڈاکو کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہو گیا، جبکہ شہری کی جوابی فائرنگ سے ڈاکو بھی زخمی ہوا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی شہری محمد دانش اور ڈاکو علی کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔