دنیا میں ’نیو ورلڈ آرڈر‘ جنم لے رہا ہے؛ کینیڈی وزیراعظم کا چین میں خطاب

کینیڈا اور چین کے درمیان برف پگھل گئی


ویب ڈیسک January 16, 2026
کینیڈا کے وزیراعظم 4 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے، یہ کسی کینیڈی کا دہائی بعد چین کا دورہ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے چین کے تاریخی دورے کے دوران ’نئے عالمی نظام‘ (New World Order) کا حوالہ دیا۔

انھوں نے کہا کہ چین اور کینیڈا کے درمیان ابھرتی ہوئی اسٹریٹجک شراکت داری دونوں ممالک کو بدلتے عالمی منظرنامے میں ایک نئی سمت دے سکتی ہے۔

کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے چینی صدر شی جنپنگ سے ملاقات میں کہا کہ دنیا بہت بدل چکی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی پیشرفت ہوئی ہے جو ہمیں نئے عالمی نظام کے لیے بہتر طور پر تیار کرتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ نیا اسٹریٹجک اشتراک استحکام، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دے گا اور دونوں ممالک کو زراعت اور غذائی پیداوار، توانائی، فنانس، ایگری فوڈ انڈسٹری جیسے شعبوں میں تاریخی فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔

جواب میں چینی صدر شی جنپنگ نے بھی اس ملاقات کو چین اور کینیڈا کے تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان صحت مند اور مستحکم تعلقات عالمی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مفید ہیں۔

چینی صدر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں یہ بہتری گزشتہ برس جنوبی کوریا میں ہونے والے اپیک اجلاس میں ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے۔

کینیڈی وزیراعظم نے اعلان کیا کہ چین اب کینیڈین کینولا (canola) پر عائد ٹیرف یکم مارچ سے کم کر کے 15 فیصد تک کر دے گا جس کے بدلے کینیڈا 49 ہزار چینی الیکٹرک گاڑیوں کو اپنی مارکیٹ میں جگہ دے گا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حال ہی میں کینیڈا پر بھاری ٹیرف عائد کر چکے ہیں اور بارہا کینیڈا کو امریکا کی 51 ویں ریاست بنانے کا متنازع بیان بھی دے چکے ہیں۔

چین اور کینیڈا کے تعلقات اُس وقت خراب ہوئے تھے جب 2018 میں امریکا کی درخواست پر کینیڈا میں ایک چینی ٹیک ایگزیکٹو کو گرفتار کیا گیا تھا۔

کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے چینی الیکٹرک گاڑیوں پر 100٪ ٹیرف عائد کردیا تھا۔

جس کے جواب میں چین نے بھی کینیڈین کینولا، سمندری خوراک اور گوشت پر پابندیاں عائد کیں جس سے کینیڈا سے درآمدات میں 10.4 فیصد کمی ہوئی تھی۔

 

مقبول خبریں