سعودی عرب میں انسانی ہمدردی اور ایثار کی اعلیٰ مثال قائم کرنے والے 200 شہریوں کو شاہی اعزازات سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ اعزازات خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اعضا عطیہ کرنے والے 200 سعودی شہریوں کو کنگ عبدالعزیز میڈل دینے کی منظوری دیدی۔
جس کا مقصد انسانی ہمدردی کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ایک قیمتی انسانی جان بچانے کے جذبے کو سراہنا ہے تاکہ معاشرے میں ایثار اور فلاحی اقدار کو فروغ ملے۔
سعودی حکومت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اعزاز سے نوازنے کا مقصد شہریوں کو اعضا عطیہ کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
یاد رہے کہ مملکت میں سعودی سینٹر فار آرگن ٹرانسپلانٹیشن کے تحت اعضا عطیہ کرنے کا ایک منظم اور جدید نظام موجود ہے۔
جس کے ذریعے گردے، جگر، دل، پھیپھڑے اور دیگر اعضا کی پیوندکاری ممکن بنائی جاتی ہے اور یہ اسلامی اصولوں اور شرعی فتووں کی روشنی میں انجام دیا جاتا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق ہر سال شاہی اعزازات کے ذریعے اعضا عطیہ کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کے جانے سے نہ صرف آگاہی ہوئی بلکہ عطیہ دہندگان کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔
سعودی علما اور سماجی حلقوں نے شاہی فیصلے کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اعضا عطیہ کرنا ایک عظیم صدقۂ جاریہ ہے جو انسانیت کی خدمت اور اسلامی تعلیمات کے عین مطابق ہے۔