کراچی:
خفیہ ادارے کی اطلاع پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حیدرآباد نے جامشورو میں انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے ایک گھر پر چھاپہ مارا، کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے بینرز، پمفلٹس، پلے کارڈز اور پاکستان مخالف مواد برآمد کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد کیا گیا سامان 17 جنوری کو پاکستان مخالف نعروں، تقاریر اور جلسے جلوسوں میں استعمال کیا جانا تھا۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق ملزمان اسی روز ہنگامہ آرائی اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
کارروائی کے بعد علاقے کا گھیراؤ کرلیا گیا جبکہ چھاپے کے دوران فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں اور جلد گرفتاریاں متوقع ہیں۔