بنگلادیش کا بھارت جانے سے انکار، آئی سی سی کا وفد بی سی بی کو منانے کیلیے ڈھاکا جائے گا

نجی سیکیورٹی ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں کھیلنے والی ٹیموں کو مجموعی طور پر درمیانے درجے کے خدشات لاحق ہیں


اسپورٹس ڈیسک January 17, 2026

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو منانے کے لیے اپنا وفد بنگلادیش بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کا وفد بنگلادیش کے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہ کھیلنے سے متعلق فیصلے پر بات چیت کے لیے اس ہفتے کے آخر میں ڈھاکا جائے گا۔

آئی سی سی وفد بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی قیادت سے ملاقات کرے گا اور سیکیورٹی سے متعلق تفصیلات کے ساتھ ایک آزاد رسک اسیسمنٹ رپورٹ پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

یہ دونوں فریقین کی پہلی بالمشافہ ملاقات ہوگی، اس سے قبل تمام بات چیت ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہوتی رہی ہے۔

بی سی بی نے حال ہی میں ایک بار پھر اپنے مؤقف کا اعادہ کیا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث وہ ٹیم کو بھارت بھیجنے پر آمادہ نہیں ہیں۔

13 جنوری کو ہونے والی ورچوئل میٹنگ میں بنگلادیش نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے میچز بھارت سے باہر منتقل کیے جائیں، تاہم آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کے آغاز میں کم وقت باقی ہونے کی وجہ سے شیڈول میں تبدیلی سے انکار کردیا۔

بنگلادیش کا پہلا میچ 7 فروری کو کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول ہے۔

ایک نجی سیکیورٹی ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں کھیلنے والی ٹیموں کو مجموعی طور پر درمیانے درجے کے خدشات لاحق ہیں، تاہم کسی بھی ٹیم کے خلاف براہِ راست خطرے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

آئی سی سی کا دعویٰ ہے کہ یہ خطرات عالمی معیار کے مطابق معمول کے زمرے میں آتے ہیں اور میچز کی منتقلی کی وجہ نہیں بنتے۔

مقبول خبریں