مانسہرہ:
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوں اور اگر فیصلہ سڑکوں پر کرنا پڑا تو ہر چوک ڈی چوک بنے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع مانسہرہ کے کالج دوراہا چوک میں مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور کے عوام کے والہانہ استقبال پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈرعمران خان کو ناحق قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں انہیں بھی قید کیا گیا، عمران خان کی بہنیں جب جیل میں ملاقات کے لیے جاتی ہیں تو ان پر زہریلا پانی پھینکا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کا پورا خاندان ہماری آنے والی نسلوں کے لیے قربانیاں دے رہا ہے، عمران خان اس فرسودہ نظام کی تبدیلی اور ہماری نسلوں کی خوش حالی چاہتا ہے، عوام کا جوش و جذبہ واضح کر رہا ہے کہ قوم مکمل طور پر تیار ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان اور ان کی جماعت کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں لیکن ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، خاندان اور پارٹی قیادت سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر سے کراچی تک عوام کا جو جذبہ دیکھا ہے اس بار انہیں کوئی طاقت نہیں روک سکتی، یہی عوام عمران خان کو رہا بھی کرائیں گے اور وزیر اعظم بھی بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوں، اگر فیصلہ سڑکوں پر کرنا پڑا تو ہر چوک ڈی چوک بنے گا۔