کے-الیکٹرک نے 5 سال میں 600 ارب سے زیادہ سبسڈی لی، اویس لغاری

کے-الیکٹرک کی وجہ سے سرکلر ڈیٹ میں اضافہ ہوا اور 30 نومبر 2025 تک 300 ارب روپے واجب الادا ہیں، وفاقی وزیر توانائی


ضیغم نقوی January 18, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کے-الیکٹرک کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے-الیکٹر نے بجلی کی ادائیگیاں بروقت نہیں کی جس کی وجہ سے سرکلر ڈیٹ میں اضافہ ہوا اور 30 نومبر 2025 تک 300 ارب روپے واجب الادا ہیں جبکہ 5 سال میں 600 ارب روپے سے زیادہ سبسڈی لی۔

وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ نیپرا رپورٹ میں کے-الیکٹرک کو کلین چٹ دی گئی، کے-الیکٹرک کو سرکلر ڈیٹ کے بڑھنے میں ذمہ داری سے کلین چیٹ دینا سراسر غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے-الیکٹرک نے بجلی کی ادائیگیاں بروقت نہ کرکے سرکلر ڈیٹ کے بڑھنے میں اپنا حصہ ڈالا، جون 2023 تک کے الیکٹرک کی عدم ادائیگیوں سے سرکلر ڈیٹ میں 640 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور 30 نومبر 2025 تک کے-الیکٹرک کے ذمہ 300 ارب روپے سے زائد واجبات ہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ نیپرا نے کے-الیکٹرک کو آسان ریگولیٹری ہدف دیا ہے، 5 سال میں کے-الیکٹرک نے 600 ارب روپے سے زیادہ کی سبسڈی لی، یہ قومی خزانے اور ملک کے عوام پر اضافی بوجھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیٹ سروس سرچارج کے-الیکٹرک اور دیگر ڈسکوز پر سرکلر ڈیٹ بڑھنے کی ذمہ داری کے باعث عائد کیا گیا۔

مقبول خبریں