کراچی:
سانحہ گل پلازہ پر کراچی تاجر اتحاد نے پیر کو یوم سوگ اور کراچی موبائل اینڈ الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن (کمیڈا) نے تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔
کراچی تاجر اتحاد کے چئیرمین عتیق میر نے کہا کہ پیر کو تاجر برادری گل پلازہ سانحے کے متاثرین سے اظہار یک جہتی کریں گے اور مارکیٹوں میں دعائیہ تقاریب بھی ہوں گی اور ممکنہ طور پر سیاہ پرچم بھی لہرائے جائیں گے۔
عتیق میر کے مطابق گل پلازہ سانحے میں 1200 دکانیں جل کر خاکستر ہوگئی ہیں اور آتش زدگی کے اس سانحے میں تقریباً 3ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔
چیئرمین کراچی تاجر اتحاد نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر متاثرین کی مدد کے لیے مطلوبہ اقدامات بروئے کار لائے اور تجارتی مراکز میں فوری فائر سیفٹی کے اقدامات کا جائزہ لیں اور ایسے اقدامات کیے جائیں کہ دوبارہ ایسے سانحات رونما نہ ہوں۔
دریں اثنا کراچی موبائل اینڈ الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن (کمیڈا) کے صدر منہاج گلفام نے سانحہ گل پلازہ پر تین روزہ سوگ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹوں میں کاروبار معمول کے مطابق جاری رہے گا اور کراچی کی 100 سے زائد موبائل اور الیکٹرانکس مارکیٹوں میں تین روز تک سوگ بھی منایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران شہدا کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی محافل منعقد کی جائیں گی اور تمام متعلقہ مارکیٹوں میں سیاہ بینرز آویزاں کیے جائیں گے تاکہ متاثرہ خان دانوں سے یکجہتی اور دکھ کا اظہار کیا جاسکے۔
انہوں نے حکومت سندھ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ سانحہ گل پلازہ کی شفاف اور غیر جانب دار انکوائری کرائیں تاکہ واقعے کے اسباب اور ذمہ داران کا تعین ہوسکے اور آئندہ ایسے دل خراش واقعات سے بچاؤ ممکن بنایا جاسکے۔
کمیڈا کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ سانحے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین اور متاثرہ دکان داروں کے لیے فوری مالی امداد کا اعلان کیا جائے تاکہ ان کے نقصانات کا ازالہ ہو سکے اور وہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے تجارتی حلقوں میں سانحہ گل پلازہ نے گہرے رنج و غم کی فضا قائم کردی ہے۔