امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ فرانس کے صدر ایمانویل میکرون زیادہ عرصے اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب انھیں فرانس کو اپنے ’’غزہ بورڈ آف پیس‘‘ میں شامل ہونے پر آمادہ کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
فرانسیسی صدر ایما نویل میکرون نے صدر ٹرمپ کی جانب سے غزہ بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی پیشکش کو یکسر مسترد کر دیا تھا۔
جس پر صدر ٹرمپ نے فرانس سے درآمد ہونے والی شراب شیمپین پر 200 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی بھی دی تھی۔
امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ فرانسیسی صدر کو کوئی پسند نہیں کرتا کیونکہ وہ (ایمانویل میکرون) بہت جلد اپنے عہدے پر نہیں رہے گا۔
اسی دوران ٹرمپ نے میکرون کا نجی پیغام بھی شیئر کیا، جس میں میکرون نے گرین لینڈ سے متعلق ٹرمپ کے کچھ مؤقفوں پر حیرت کا اظہار کیا اور ایک G7 اجلاس میں مشترکہ تعاون کی تجویز بھی دی۔
صدر ٹرمپ کے ٹریف عائد کرنے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کہا کہ یورپی یونین متحد ہو کر اس طرح کے یکطرفہ اقدامات کا جواب دے گی۔
فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون میعاد پوری ہونے تک اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے کا اعلان کرچکے ہیں اور انھوں نےتمام تر سیاسی دباؤ کے باوجود استعفیٰ دینے سے بھی صاف انکار کیا ہے۔
فرانس میں صدر ایمانویل میکرون نے 2017 میں اقتدار سنبھالا تھا اور بعد میں دوبارہ منتخب ہوئے، مگر ان کی حکومت کو پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریکوں اور سیاسی دباؤ کا سامنا بھی رہا ہے، جس نے ان کی مقبولیت اور سیاسی استحکام کو متاثر کیا۔