معروف بھارتی اداکارہ شیفالی زری والا کی اچانک موت کو تقریباً ایک سال ہونے کو آ رہا ہے لیکن یہ معاملہ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے۔
مقبول فلمی گانے ’’کانٹا لگا‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی شیفالی کا انتقال جون 2025 میں صرف 42 سال کی عمر میں ہوا تھا۔
طبی رپورٹس میں موت کی وجہ کارڈیک اریسٹ بتائی گئی تھی جس میں اچانک حرکتِ قلب بند ہوجاتی ہے اور انسان کی اسی وقت موت واقع ہوجاتی ہے۔
تاہم اب شیفالی کے شوہر پراگ تیاگی نے ایک حیران کن دعویٰ کیا ہے جو طبی رپورٹ سے ہٹ کر ایک نیا لیکن متنازع پہلو ہے۔
حالیہ پوڈکاسٹ میں پراگ تیاگی نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنی اہلیہ کی موت کو صرف طبی وجہ تک محدود نہیں سمجھتے بلکہ شیفالی پر ’کالا جادو‘ کیا گیا تھا۔
پراگ تیاگی کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ ان چیزوں پر یقین نہیں کرتے مگر میں کرتا ہوں۔ جہاں بھگوان ہے، وہاں شیطان بھی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا نہیں بلکہ مجھے پورا پورا یقین ہے کہ کسی نے کچھ (جادو) کیا تھا۔ کسی نے تو ضرور کیا ہے۔
پراگ تیاگی نے اپنی بات کے ثبوت میں کہا کہ متعدد مواقع پر احساس ہوا کہ کچھ غیر معمولی ہو رہا ہے۔ کچھ تو گڑبڑ ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایک بار تو ہم اس شیطانی چکر سے نکل آئے تھے لیکن اس بار معاملہ کچھ زیادہ ہی بھاری لگتا تھا۔
پراگ تیاگی نے دعویٰ کیا کہ عبادت کے دوران بھی انہیں شیفالی میں کچھ تبدیلیاں محسوس ہوئیں۔ میں بھکتی میں بیٹھتا ہوں تو مجھے احساس ہو جاتا ہے کہ کچھ ٹھیک نہیں ہے۔
دوسری جانب طبی ماہرین اور اسپتال حکام اب بھی اپنی ابتدائی رپورٹ پر قائم ہیں کہ شیفالی کی موت دل کے دورے کے باعث ہوئی تھی۔