پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا جب کہ جھگڑے کی صورتحال میں صدر اور نائب صدر کا انتخاب نہ ہو سکا۔
اسپشل سیکرٹری وزارت صحت اسلم غوری کو صدر منتخب نہ کروایا جا سکا،ذرائع کے مطابق اٹھائیس ستمبر 2025کو آرڈیننس کے ذریعے کونسل کی از سر نو تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔
چھ ماہ گزرنے کے بعد دو روز قبل پارلیمنٹ نے آرڈننس میں مزید ایک سو بیس دن کی منظوری گزشتہ روز دی،گزشتہ روز صدارتی آرڈننس کے نفاذ کے بعد پہلا اجلاس نرسنگ کونسل میں ہوا جس میں صدر اور نائب صدر کا انتخاب عمل میں لایا جانا تھا۔
نائب صدر کے لیے ڈاکٹر سید علی فرحان راضی چیف ایگزیکٹو لیاقت کالج کراچی امیدوار تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے آغاز پر ہی بحث وتکرار اور جھگڑا شروع ہو گیا،جھگڑے کے بعد اجلاس ختم سیکرٹری صحت اجلاس چھوڑ کر روانہ ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ کونسل ممبران میں وزارتِ قومی صحت کے اسپیشل سیکریٹری، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ،ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل کوالٹی ایشورنس ناصر شاہ،پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے ڈی جی نرسنگ بطور کونسل ممبران شریک ہوئے۔
خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے نرسنگ کالجز کے پرنسپلز، بلوچستان سے ایک سینئر مڈوائف اور کراچی سے ایک فلاحی نمائندہ شامل ہوئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آرڈیننس کی کلاز11کے تحت الیکشن پراسس پر اعتراض کے باعث کارروائی مزید نہ بڑھ سکی،ایجنڈا کے تحت تمام ممبران کو مفادات کے ٹکراؤ کا بیان حلفی جمع کروانے کا بھی کہا گیا ہے۔
وزارت کے حکام نے کہا ہے کہ آئندہ اجلاس کی تاریخ بارے تاحال فیصلہ نہیں کیا جا سکا ہے کیونکہ وفاقی وزیر ملک سے باہر ہیں اور ان کی واپسی کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔