ٹرمپ کے غزہ بورڈ آف پیس کی دستخطی تقریب میں ترک صدر طیب اردوان کی نمائندگی وزیرِ خارجہ حاقان فیدان کریں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ بات ترکیہ کے ایک اعلیٰ ذریعے نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتائی۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر اردوان کو ذاتی طور پر غزہ بورڈ آف پیس کی رکنیت کی دعوت دی تھی۔
صدر طیب اردوان نے بھی پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ترکیہ نے دستخطی تقریب میں شرکت کی دعوت کو قبول کرلیا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ البتہ میں دستخطی تقریب میں شریک نہیں ہوسکوں گا میری جگہ وزیر خارجہ اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ حاقان فیدان ایک الگ غزہ ایگزیکٹو بورڈ کے بھی رکن ہیں۔
جس میں امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو، صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف اور برطانیہ کے سابق وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر شامل ہیں۔
رائٹرز کے بقول ترکیہ کے ایک باخبر ذریعے نے بتایا کہ حاقان فیدان نہ صرف غزہ ایگزیکٹو بورڈ بلکہ سربراہی سطح کے بورڈ آف پیس میں بھی صدر اردوان کی نمائندگی کریں گے۔
دریں اثنا، ترکی کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ وزیرِ خارجہ حاقان فیدان جمعرات کو ڈیووس میں ہونے والی دستخطی تقریب میں شرکت کریں گے۔
تاہم اب تک ترکیہ نے بورڈ آف پیس میں بطور بانی رکن شمولیت کا سرکاری سطح پر باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر بورڈ آف پیس کی باضابطہ تقریب کی صدارت کریں گے۔