بھارت کی سب سے بڑی ایئرلائن کو سنگین آپریشنل کوتاہیوں پر تاریخ کے بڑے جرمانے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کی فضائی ریگولیٹری اتھارٹی ڈی جی سی اے نے ایئرلائن پر 24 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
ڈی جی سی اے نے نہ صرف بھاری جرمانہ عائد کیا بلکہ ایئرلائن کے ہیڈ آف آپریشنز کنٹرول کو عہدے سے ہٹانے کا حکم بھی دیا ہے۔
اس کے ساتھ ایئرلائن کی اعلیٰ انتظامیہ کو سخت وارننگ جاری کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے آپریشنل نظام میں بہتری لائے۔
اتنا خطیر اور تاریخی جرمانہ ایئرلائن کی ناقص منصوبہ بندی، خاص طور پر پائلٹس کے روسٹر اور آپریشنل مینجمنٹ کی سنگین کوتاہیوں پر عائد کیا گیا۔
اس بے نظمی کے باعث حالیہ دنوں میں ہزاروں پروازیں منسوخ ہوئیں اور دسیوں ہزار مسافر شدید مشکلات کا شکار ہو کر مختلف شہروں میں پھنس گئے تھے۔
دوسری جانب ایئرلائن انتظامیہ نے ڈی جی سی اے کے احکامات پر فوری عمل درآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ روسٹر پلاننگ، عملے کی دستیابی اور آپریشنل نظم و نسق کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ آئندہ اس قسم کی صورتحال پیدا نہ ہو۔