کعبہ کی رونق، کعبہ کا منظر؛ اللہ اکبر! ماہِ رجب میں تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

مسجد الحرام اور مسجد نبوی آخری نبی ﷺ کے پروانوں سے بھری رہیں


ویب ڈیسک January 22, 2026
حجاج و معتمرین کی خدمت انتظامی نہیں بلکہ دینی فریضہ سمجھ کر کی جائے؛ سعودی عرب

جیسے جیسے رمضان کا مقدس مہینہ قریب آتا جا رہا ہے دنیا بھر کے مسلمان بڑی تعداد میں مقدس مقامات کی زیارت اور عبادت کے لیے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے بتایا کہ ماہِ رجب میں مسجد الحرام آنے والے زائرین کے تعداد ایک کروڑ 48 لاکھ رہی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان خوش نصیبوں میں سے 20 لاکھ سے زائد معتمرین بیرونِ ممالک سے سعودی عرب پہنچے تھے۔

سابقہ اعداد و شمار کے تناظر میں دیکھا جائے تو صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس بار ماہ رجب کے مقدس مہینے میں عمرہ زائرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ زائرین کی بڑھتی ہوئی آمد سعودی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں، بہتر انتظامات، ڈیجیٹل سروسز، ٹرانسپورٹ اور ہجوم کے مؤثر نظم و نسق پر اعتماد کا اظہار ہے۔

ماہ رجب کے دوران غیر معمولی رش کے پیش نظر مسجد الحرام میں طواف اور سعی کے لیے الگ راستوں کی منصوبہ بندی کی گئی۔

اس کے علاوہ مقدس مساجد میں صفائی اور آبِ زم زم کی فراہمی کے بھی اضافی انتظامات رکھے گئے تھے۔

بڑی تعداد میں معتمرین کی آمد کے پیش نظر ہجوم کو منظم رکھنے کے لیے رضاکاروں اور سیکیورٹی کا اضافی عملہ تعینات کیا گیا تھا۔

سعودی حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹمز کی مدد سے زائرین کی آمد و رفت کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا گیا، جس سے عبادات کی ادائیگی میں سہولت رہی۔

حالیہ برسوں میں ویزا سہولتوں، ای-سروسز اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں بہتری کے بعد زائرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

یاد رہے کہ رجب، شعبان اور رمضان المبارک کے مہینے عمرہ کے لیے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں اور حج کے بعد سب سے زیادہ اللہ کے مہمانوں کی آمد ان مہینوں میں ہوتی ہے۔

 

مقبول خبریں