امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ ختم ہونی چاہیے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے یہ بیان یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملاقات کے بارے میں کہا کہ ان کی یہ ملاقات بہت اچھی رہی ہے اور تمام فریقین چاہتے ہیں کہ جنگ کا خاتمہ ہو۔
انھوں نے مزید کہا کہ امریکی نمائندہ اسٹیو وٹکوف جمعے کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے جس کا مقصد تنازع کے خاتمے کے لیے بات چیت کو آگے بڑھانا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بتایا کہ عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے سائیڈ لائن پر ٹرمپ کی زیلنسکی سے ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔
یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب روس-یوکرین جنگ عالمی سطح پر سیاسی اور اقتصادی عدم استحکام کا سبب بنی ہوئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے زور دیا کہ سب چاہتے ہیں کہ جنگ ختم ہو اور امن قائم ہو اور اس سلسلے میں مذاکرات اور ثالثی کے ذریعے تنازعے کے حل کی کوششیں جاری ہیں۔