ٹکٹ چیکر نے چلتی ٹرین میں خاتون مسافر کو تھپڑ مار دیا، ویڈیو سامنے آگئی

سامان راستے میں رکھنے کے معاملے پر جھگڑا شروع ہوا اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی، ذرائع


طالب فریدی January 24, 2026
(فوٹو: اے آئی)

لاہور:

چلتی ٹرین میں خاتون مسافر کو تھپڑ مارنے کے معاملے پر ریلوے حکام نے کارروائی کرتے ہوئے اسپیشل ٹکٹ ایگزامینر ارشاد کو معطل کر دیا ہے۔

ڈویژنل کمرشل آفیسر عبداللہ ارشد کے مطابق معطلی کے بعد واقعے کی باقاعدہ انکوائری بھی شروع کر دی گئی ہے۔

ریلوے ذرائع کا کہناہے کہ واقعہ فیصل آباد سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس ٹرین میں پیش آیا، جہاں سامان راستے میں رکھنے پر مسافروں کے درمیان لڑائی جھگڑا شروع ہوا۔ مسافروں کی جانب سے تلخ کلامی کے بعد ویڈیوز بنانے پر معاملہ مزید بڑھ گیا اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی، جس کے دوران ٹرین بھی کچھ دیر تک رکی رہی۔ دیگر مسافروں نے مداخلت کر کے لڑائی جھگڑا ختم کرایا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق  واقعے کے بعد مسافروں کی شکایات پر کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پیر کے روز انکوائری ٹیم کے سامنے ٹکٹ ایگزامینر، ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار اور گارڈ بھی پیش ہوں گے۔

واضح رہے کہ ٹرین میں مسافر کے ساتھ لڑائی جھگڑے کا یہ واقعہ 4 سے  5 روز قبل پیش آیا تھا۔

 

مقبول خبریں