سانحہ گل پلازہ؛ قتل کا مقدمہ حکومت کے خلاف ہونا چاہیے، تاجر رہنما

حکومت نے ذمہ داران کوکمیٹی میں سامل کیا، کمپنسیشن مہینوں میں نہیں دنوں میں دی جائے ورنہ سڑکوں پر آئیں گے، تاجر اتحاد


یحییٰ خان January 24, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

آل کراچی تاجر الائنس کے رہنما عتیق میر نے گل پلازہ آتشزدگی پر حکومتی اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قتل کا مقدمہ حکومت کے خلاف ہونا چاہیے۔

آل کراچی تاجرالائنس کے رہنماؤں کی میڈیا سے گفتگو کی اور اس دوران تاجر رہنما عتیق میر نے کہا کہ چھوٹے مقامات پر بھی حکمران ہیلی کاپٹر میں سفر کرتے ہیں جبکہ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھنے کا انتظام کررہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کیا کوئی ہیلی کاپٹر آیا آگ بجھانے، قتل کا مقدمہ حکومت کے خلاف ہونا چاہیے۔

تاجر الائنس کے چیئرمین حکیم شاہ نے کہا کہ اول دن سے کے ایم سی اور حکومت سندھ  کی نااہلی دیکھی، حکومت کہہ رہی ہے 90 فیصد کام مکمل ہوا ہے جبکہ اب تک کچھ ہی فیصد کام ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست والے لوگ سیاست ہی کررہے ہیں، تاجروں کو حق دینے والا کون آئے گا، اس سانحے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ذمہ داران کو ہی کمیٹی میں سامل کیا ہے لیکن ہمیں جہاں جانا پڑا جائیں گے۔

آل کراچی تاجر الائنس کے حکیم شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کی نااہلی حکومت سندھ کی اس سانحے میں دیکھ رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی، کہا جا رہا ہے کہ 90 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے لیکن 10 فیصد کام بھی مکمل نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کام کرنے کے بجائے ایک دوسرے پر الزامات لگائے جارہے ہیں، 1990 کے نقشے نکال کر سیاست کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو جو تاجر متاثر ہوا ہے اس کی مدد کی جائے، اور یہ معاوضہ سالوں اور مہینوں میں نہیں بلکہ دنوں میں دیا جائے، اگر یہ نہیں کیا گیا، تو اس کے خلاف سڑکوں پر آئیں گے، اگر پورے پاکستان کی بھی دکانیں بند کرنا پڑیں تو وہ بھی کریں گے۔

 

تاجر رہنما رضوان عرفان نے کہا کہ ایک ہفتے سے زائد کا وقت گزر گیا ہے لیکن اب تک ملبہ نہیں اٹھایا گیاجبکہ متاثرین در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہی نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے، نامعلوم ہمیشہ نامعلوم ہے معلوم ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ فائر فائٹرز اندر عمارت کے بجائے دیواروں پر پانی مارتے رہے، کے ایم سی فائر بریگیڈ کی کیا حالت ہے۔

رضوان عرفان نے کہا کہ پانچ لاکھ فوری دینے کا کہا جو ناکافی ہے، عید آنے والی ہے مال کی مد میں 15 ارب کا نقصان ہوا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ کے پاس پاور ہے فوری پیسہ دیا جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جو ملوث ہو اس کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

مقبول خبریں