قائمہ کمیٹی: ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر خواجہ اظہار اور شہلا رضا میں شدید گرما گرمی

خاتون رکن قومی اسمبلی کراچی کی نجی کمپنی کی نمائندگی کر رہی ہیں، خواجہ اظہار


ذوالفقار بیگ January 26, 2026

اسلام آباد:

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوباٸی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات، اسکروٹنی اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے معاملے پر ارکان اسمبلی  کے درمیان گرما گرمی ہوگئی۔

شیخ آفتاب کی سربراہی میں ہونیوالے اجلاس میں  ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ، سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد، اولمپین شہباز سینئر، سمیع اللہ،  شہناز شیخ نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ارکان قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن اور شہلا رضا کے درمیان شدید گرما گرمی ہوٸی۔

خواجہ اظہار الحسن نے الزام عائد کیا کہ ایک خاتون رکن قومی اسمبلی ایک کراچی کی نجی کمپنی کی نمائندگی کر رہی ہیں حالانکہ کسی ایم این اے کو نجی کمپنی کی حمایت یا نمائندگی کا حق حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جن افراد پر پابندی عائد کی گئی، وہ اسی کمپنی کے اسٹیک ہولڈرز ہیں اور یہ معاملہ ایک ایسوسی ایشن اور نجی کمپنی کے درمیان تنازع ہے۔

خواجہ اظہار الحسن نے مزید کہا کہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن نجی کمپنی ایکٹ کے تحت قائم کی گئی ہے اور اگر چاہیں تو اسی قانون کے تحت الگ فیڈریشن بنا لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قائمہ کمیٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور اسپورٹس بورڈ کو واضح مینڈیٹ دیا ہے۔

اس موقع پر شہلا رضا نے موقف اختیار کیا کہ طارق بگٹی کو فیڈریشن کے انتخابات کرانے کا اختیار دیا گیا تھا لیکن وہ انتخابات کروانے کے بجائے خود صدر بن گئے جبکہ من پسند ہاکی کلبز رجسٹر کیے گئے ہیں۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بتایا کہ پی ایچ ایف کی جانب سے 1100 ہاکی کلبز کو پورٹل پر رجسٹر کیا گیا ہے۔ اسکروٹنی کے آغاز پر 19 اضلاع ایسے تھے جہاں صرف پانچ ہاکی کلب موجود تھے جبکہ اسلام آباد میں کوئی بھی ہاکی کلب ایسا نہیں تھا جو تمام قواعد پر پورا اترتا ہو۔ اسپورٹس بورڈ بھی کلبز کی منصفانہ سکروٹنی کرائے گا۔

اجلاس میں مہرین رزاق بھٹو نے کہا کہ وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو نہیں سننا چاہتیں جس پر خواجہ اظہار الحسن نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی سیاسی جماعت کا اجلاس نہیں اور اگر کوئی فیڈریشن کو نہیں سننا چاہتا تو اجلاس چھوڑ سکتا ہے، تاہم وہ خود فیڈریشن کو سنیں گے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی شیخ آفتاب احمد نے ریمارکس دیے کہ یہ کوئی مچھلی منڈی نہیں، قائمہ کمیٹی کے وقار کا خیال رکھا جائے۔ سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد نے بتایا کہ قائمہ کمیٹی کے احکامات کو تسلیم کر لیا گیا ہے اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ساتھ مل کر ہاکی کلبز کی سکروٹنی کروائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف، ہاکی کلب ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ رکن کمیٹی عقیل انجم خان نے کہا کہ شفاف اور فیئر انتخابات ہی مسئلے کا واحد حل ہیں۔

قاٸمہ کمیٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جس کی کنوینر مہرین بھٹو ہوں گی جبکہ انجم عقیل اور خواجہ اظہار الحسن اس کے ممبران ہوں گے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ میں شفاف انتخابات کرانے کیلئے تین رکنی سب کمیٹی تشکیل دیدی گٸی۔

مقبول خبریں