کراچی، سیکیورٹی گارڈ کی غفلت سے 15 سالہ بچے کی جان چلی گئی

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غفلت برتنے والے سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا


اسٹاف رپورٹر January 27, 2026

کراچی:

شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں حادثاتی فائرنگ کے نتیجے میں 15 سالہ بچہ سیف اللّٰہ جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ سرجانی سیکٹر 7 میں واقع ایک ہوٹل پر پیش آیا جہاں تعینات سیکیورٹی گارڈ کی غفلت جان لیوا ثابت ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہوٹل پر تعینات سیکیورٹی گارڈ شعیب خان ولد فیاض نے اسلحے کے استعمال اور حفاظت میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیں۔

غفلت کے باعث مقتول سیف اللّٰہ نے 12 بور رائفل سے چھیڑ چھاڑ کی جس کے دوران اچانک گولی چل گئی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غفلت برتنے والے سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا جبکہ فائرنگ میں استعمال ہونے والی 12 بور رائفل بھی قبضے میں لے لی گئی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق بچے کی لاش کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور واقعے سے متعلق ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

مقبول خبریں