بھارت؛ بھتہ لینے کے الزام پر گینگسٹر گولڈن براری کے والدین گرفتار

گولڈن براری کا پہلی بار نام معروف گلوکار سدھو موسے والا قتل کیس میں سامنے آیا تھا


ویب ڈیسک January 27, 2026
بھارتی گینگسٹر گولڈن براری بیرون ملک سے واردتیں کروا رہا ہے

بھارتی ریاست پنجاب میں پولیس نے بیرونِ ملک مقیم مطلوب گینگسٹر گولڈی برار کے والدین کو ایک پرانے بھتہ خوری کے مقدمے میں حراست میں لے لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گولڈی برار کے والد شمشیر سنگھ اور والدہ پریت پال کور کو ضلع مکسر کے آدیش نگر میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ 2024 میں مکسر کے ایک شہری کی شکایت پر درج ہوا تھا جس میں بھتہ خوری کے الزامات شامل ہیں۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملنے والی معلومات کی بنیاد پر گولڈی برار کے والدین کو اس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بیرونِ ملک بیٹھ کر سرگرم گینگسٹرز کے نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایسے تقریباً 60 بیرونِ ملک مقیم گینگسٹرز کے نیٹ ورک سے جڑے 1200 ساتھیوں اور 600 سے زائد رشتہ داروں کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔

یاد رہے کہ گولڈی برار کا نام 2022 میں معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے مرکزی ملزمان میں لیا جاتا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گولڈن براری نے سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔

اطلاعات کے مطابق گولڈن براری 2017 میں اسٹڈی ویزے پر کینیڈا گیا تھا اور بعد ازاں امریکا منتقل ہو گیا۔

گزشتہ برس گولڈی برار نے مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ سے علیحدگی اختیار کر کے ایک دوسرے جرائم پیشہ گروہ سے روابط قائم کیے۔

بھارتی حکومت نے 2024 میں اسے غیر قانونی سرگرمیوں، اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کی اسمگلنگ، اور قتل کی وارداتوں میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت دہشتگرد قرار دیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں آئندہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

 

مقبول خبریں