متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی نے ایک نہایت منفرد اور عالمی سطح پر توجہ حاصل کرنے والا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس نے پوری دنیا میں تہلکہ مچا دیا ہے۔
عرب مڈیا کے مطابق دبئی میں دنیا کی پہلی گولڈ اسٹریٹ کی تعمیر کا اعلان کیا گیا ہے جو دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ کے اندر تعمیر کی جائے گی۔
خیال رہے کہ گولڈ ڈسٹرکٹ کی تعمیر کا کام پہلے ہی شروع ہوچکا ہے۔ یہ سونے اور زیورات کے کاروبار کے لیے ایک شاہکار اور نیا عالمی مرکز بنے گا۔
دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ میں بننے والی گولڈ اسٹریٹ کو خصوصی طور پر سونے کے عناصر کے ساتھ ڈیزائن کیا جائے گا تاکہ اسے دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں اور خریداروں کے لیے ایک یادگار جگہ بنایا جا سکے۔
سونے کی سڑک کی تعمیر کا مقصد صرف آرائش یا دلکشی نہیں بلکہ دبئی کو سونے، چاندی کے زیورات کے عالمی تجارتی نقشے پر سب سے منفرد اور جدید مقام بنانا ہے۔
اس گولڈ ڈسٹرکٹ کو سونے کے گھر کے طور پر قائم کیا جا رہا ہے۔ جہاں ریٹیل، ہول سیل، سرمایہ کاری اور زیورات کی پوری ویلیو چین ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب ہوں گی۔
جہاں عالمی شہرت یافتہ برانڈز سمیت ایک ہزار سے زائد ریٹیلرز کام کریں گے۔

گولڈ ڈسٹرکٹ نہ صرف سونے اور زیورات کے کاروبار کا مرکز ہوگا بلکہ بین الاقوامی سیاحوں، خریداروں اور سرمایہ کاروں کے لیے بھی ایک بڑا سیاحتی مقام بننے کی توقع ہے۔
اس علاقے میں کم از کم 6 ہوٹلوں میں 1,000 سے زائد مہمانوں کے کمروں کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی، تاکہ عالمی زائرین کی ضروریات پوری ہو سکیں۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات گزشتہ برس تقریباً 53.41 ارب ڈالر مالیت کے سونے کی برآمدات کر چکا ہے۔
جس کے ساتھ وہ دنیا کا دوسرا سب سے بڑا فزیکل گولڈ ٹریڈنگ ہب بن چکا ہے۔ اس کے بڑے تجارتی شراکت دار سوئٹزرلینڈ، برطانیہ، بھارت، ہانگ کانگ اور ترکیہ ہیں۔