ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل امریکا کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی پر پابندی عائد

پابندی کے شکار کھلاڑی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کے خلاف امریکا کی تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا


اسپورٹس ڈیسک January 29, 2026

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل امریکی ٹیم کو اپنے تجربہ کار بلے باز سے ہاتھ دھونا پڑگیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکا کے ایرون جونز پر اینٹی کرپشن کوڈ کی پانچ خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے سے معطل کر دیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جونز کو الزامات کا جواب دینے کے لیے 14 دن کی مہلت دی گئی ہے۔

31 سالہ ایرون جونز اس وقت امریکا کے ان 18 کھلاڑیوں میں شامل تھے جو 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے سری لنکا میں ٹریننگ کیمپ میں موجود ہیں۔

امریکا نے تاحال ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا، تاہم امکان تھا کہ کیمپ میں موجود کھلاڑیوں میں سے 15 کا انتخاب کیا جائے گا، لیکن معطلی کے بعد جونز اب انتخاب کے لیے نااہل ہو گئے ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق زیادہ تر الزامات 2023-24 کے ’بیم 10‘ ٹورنامنٹ سے متعلق ہیں جو بارباڈوس میں کھیلا گیا اور کرکٹ ویسٹ انڈیز کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، جبکہ دو الزامات بین الاقوامی میچز سے جڑے ہوئے ہیں۔

ان الزامات میں میچ فکسنگ، مشکوک رابطوں کی اطلاع نہ دینا، تحقیقات میں تعاون سے انکار اور شواہد چھپانے جیسے سنگین امور شامل ہیں۔

آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ یہ کیس ایک وسیع تحقیقات کا حصہ ہے جس کے نتیجے میں مزید افراد پر بھی الزامات عائد کیے جا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایرون جونز نے 2019 میں ڈیبیو کے بعد امریکا کی جانب سے 52 ون ڈے اور 48 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔

2024 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انہوں نے کینیڈا کے خلاف 94 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے علاوہ پاکستان کے خلاف تاریخی فتح میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔

مقبول خبریں