کراچی:
عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں دوسرے روز بھی بہت بڑا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت پونے 6 لاکھ تک پہنچ گئی۔
صرافہ مارکیٹ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت مزید 212 ڈالر کے بڑے اضافے سے 5 ہزار 504 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی۔
اس کے اثرات مقامی بازار پر بھی مرتب ہوئے جس کے بعد ملکی سطح پر فی تولہ سونے کی قیمت میں دوسرے روز بھی 21 ہزار 200 روپے کا بہت بڑا اضافہ ہوا اور ایک تولہ سونے کی نئی قیمت 5لاکھ 72ہزار 862روپے کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر آگئی۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 18ہزار 175روپے بڑھ کر 4لاکھ 91ہزار 136روپے کی سطح پر آگئی۔
دریں اثنا سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی مسلسل اضافے اور نئی ریکارڈز قائم ہونے کا سلسلہ جاری ہے، فی تولہ چاندی کی قیمت 264 روپے کے اضافے سے 12ہزار 175روپے اور فی دس گرام قیمت 227روپے کے اضافے سے 10ہزار 438روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی۔