کراچی:
کراچی میں بچوں کی بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے دوروزہ قومی کانفرنس 31 جنوری کو شروع ہوگی جس میں مختلف ماہراطفال خطاب کریں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن سندھ کے زیر اہتمام یہ کانفرنس مقامی ہوٹل میں منعقد کی جائے گی۔ کانفرنس میں ماہرامراض اطفال پروفیسر غفار بلو، پروفیسر ایم اے عارف، پروفیسر جمال رضا، پروفیسر وسیم جمالوی سمیت دیگر ماہرین بچوں کے امراض اور اس کے علاج میں ہوئی جدید پیش رفت کے حوالے سے اہم تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔
کانفرنس کا مقصد بچوں کی صحت میں اہم چیلنجز پر تبادلہ خیال کرنا ہے جب کہ ماہرین بچوں کی بیماریوں کی روک تھام پر اپنے تجاویزات پیش کریں گے۔
کانفرنس میں بچوں کی حفاظتی ویکسینیشن سمیت غذائی قلت کے حوالے سے سیشن منعقد کیے جایں گے جس میں مختلف ماہرین روشنی ڈالیں گے۔
اس کانفرنس میں بچوں میں معدے کی بیماریوں، دماغی، پلمونولوجی، نیورولوجی سمیت متعدی امراض کے خصوصی سیشن منعقد کیے جائیں گے۔