کراچی:
شہر قائد میں جیکسن کے علاقے میں نیٹی جیٹی پل پر ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جہاں کیماڑی کی جانب جاتے ہوئے ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹرسائیکل سوار خاندان کو کچل دیا۔
افسوسناک واقعے میں موٹرسائیکل پر سوار ایک شخص، خاتون اور کمسن بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
چشم دید گواہوں کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ سڑک پر موجود افراد سکتے میں آ گئے۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے موقع پر پہنچے۔
جاں بحق خاتون کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جبکہ مرد اور بچے کی لاشیں چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔ واقعے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
شناخت
جاں بحق ہونے والے موٹر سائیکل سوارخاندان کی شناخت کرلی گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والا خاندان رنچھوڑ لائن کا رہائشی تھا اور خاندان کا سربراہ صدرمیں گارمنٹس کی دکان پر ملازمت کرتا تھا۔
جاں بحق ہونے والوں میں 30 سالہ سکندر ولد عبدالقادر، اس کی اہلیہ 33 سالہ سکینہ دختر عبدالغنی اور 3 سالہ بیٹا قاضیان ولد سکندر شامل ہیں۔
ٹریفک حادثے میں جاں ہونے والے ماں باپ اور بچے کی نماز جنازہ ، رنچھوڑ لائن کی صابری مسجد میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں جاں بحق فیملی کے اہلخانہ ،عزیز واقارب اورعلاقہ مکین بڑی تعداد شریک ہوئے بعدازاں حادثے میں جاں بحق میاں بیوی اور بچے کو آہوں اورسسکیوں میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔