بلوچستان میں موسم سرما کا ایک نیا اور شدید اسپیل آج رات سے داخل ہو رہا ہے جس کے باعث صوبے کے شمالی اور مغربی اضلاع میں ہلکی سے تیز بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
پاکستان محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ یہ مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم 30 جنوری کی رات سے 3 فروری تک اثر انداز رہے گا جس دوران 31 جنوری تک بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک ہلکا مغربی ویو (shallow westerly wave) مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے جو گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، خیبر پختونخوا اور شمالی بلوچستان کو متاثر کرے گا۔
بلوچستان میں خاص طور پر چاغی، نوشکی، کوئٹہ، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی، ژوب اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی سے تیز بارش جبکہ پہاڑی اور بلند علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے، اس دوران ہواؤں کی رفتار میں اضافہ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے شہریوں کو انتباہ کیا ہے کہ برفباری کی وجہ سے سڑکیں پھسلن بھری ہو جائیں گی جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریزکریں، اگر سفر ناگزیر ہو تو ڈرائیورز بارش اور برفباری کے دوران آہستہ رفتار سے گاڑی چلائیں اور احتیاط برتیں۔ سیاحتی مقامات جیسے زیارت، کوئٹہ اور دیگر پہاڑی علاقوں میں جانے والے سیاح خصوصی احتیاط کریں۔
حکام نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ڈپٹی کمشنرز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔