ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کیخلاف احتجاج جرم بنادیا گیا؛ سی این این کے اینکر گرفتار

سی این این کے سابق اینکر ڈان لیمن ٹرمپ کی پالیسی کے خلاف چرچ کے باہر احتجاج میں شریک تھے


ویب ڈیسک January 31, 2026
سی این این کے اینکر کو گریمی ایوارڈ کی رپورٹنگ کے دوران گرفتار کیا گیا

امریکی میڈیا کی معروف شخصیت اور سی این این کے اینکر ڈان لیمن کو لاس اینجلس سے حراست میں لے لیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان کی گرفتاری 18 جنوری کو مینیسوٹا کے شہر سینٹ پال میں چرچ کے باہر کیے گئے احتجاج کے خلاف عمل میں لائی گئی۔

اینکر کے وکیل ایبے لوویل نے میڈیا کو بتایا کہ ڈان لیمن کو اُس وقت لاس اینجلس میں گرفتار کیا گیا جب وہ گریمی ایوارڈز کی کوریج کے سلسلے میں وہاں موجود تھے۔

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ فی الحال یہ واضح نہیں کہ ان پر باضابطہ طور پر کن دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ امریکی محکمہ انصاف نے چند روز قبل کہا تھا تھا کہ 18 جنوری کو ہونے والے ایک احتجاج میں شرکت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کا کہنا تھا کہ اس احتجاج کے دوران مظاہرین نے چرچ میں ہونے والی عبادت میں خلل ڈالا تھا اور توڑ پھوڑ کی کوشش بھی کی۔

دوسری جانب اینکر کے وکیل نے کہا کہ ڈان لیمن گزشتہ تین دہائیوں سے صحافت سے وابستہ ہیں اور انھوں نے مینیسوٹا میں جو کچھ کیا وہ ایک شہری کے آئینی حق کے دائرے میں آتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی متنازع امیگریشن پر عمل درآمد کے دوران چھاپا مار کارروائیوں کے دوران اب تک 3 نہتے شہری اہلکاروں کے ہاتھوں مارے جا چکے ہیں جس پر ملک گیر احتجاج جاری ہے۔

 

مقبول خبریں