اداکاری ایک مشکل فن ہے اور اس میں سب سے مشکل ترین کام کسی چہرے پر مسکراہٹ لانا ہوتا ہے جو کہ ایک کامیڈی اداکار کرتا ہے لیکن ایک دن ایسا بھی آتا ہے جب وہ سب کو خوب رُلاتا بھی ہے۔
مزاحیہ اداکاری کی دنیا میں اس وقت غم کی گہری پرچھائیاں اور تارک اداسی ہے جس کی وجہ ایمی ایوارڈ یافتہ کینیڈین اداکارہ کیتھرین اوہارا کا 71 برس کی عمر داغ مفارقت دے جانا ہے۔
ان کی مینیجر نے اداکارہ کے انتقال کرجانے کی تصدیق کی تاہم موت کی وجہ کے بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔
کیتھرین اوہارا کو دنیا بھر میں کامیڈی کے ایک بڑے نام کے طور پر جانا جاتا تھا۔ ہوم آ لون، بیٹل جوس جیسی کامیاب فلموں کے باعث وہ ہمیشہ مداحوں کے دل میں زندہ رہیں گی۔
نئی نسل کیتھرین اوہارا کو خاص طور پر شہرہ آفاق سیریز Schitt’s Creek میں ان کے کردار موئرا روز کے ذریعے جانتی ہے۔
کیتھرین اوہارا 1954 میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پیدا ہوئیں اور اداکاری کا آغاز ایک اسکول ڈرامے میں حضرت مریمؑ کا کردار ادا کرکے کیا۔
بعد ازاں وہ ٹورنٹو کے مشہور تھیٹر Second City میں ویٹریس کی ملازمت کرتی رہیں جہاں سے ان کا کامیڈی کی دنیا میں باقاعدہ سفر شروع ہوا۔
1974 میں وہ Second City کی باقاعدہ رکن بن گئیں اور بعد میں اسی پلیٹ فارم سے شروع ہونے والے مشہور اسکیچ شو SCTV کا نمایاں چہرہ بنیں۔
یہاں ان کی دوستی کامیڈین یوجین لیوی سے ہوئی، جو زندگی بھر ان کے قریبی دوست اور ساتھی اداکار رہے۔
1992 میں انہوں نے پروڈکشن ڈیزائنر بو ویلچ سے شادی کی، جن سے ان کے دو بیٹے میتھیو اور لیوک ہیں۔
2015 میں انہوں نے یوجین لیوی اور ان کے بیٹے ڈین لیوی کے ساتھ Schitt’s Creek میں کام کیا، جو نیٹ فلکس پر آنے کے بعد عالمی ہٹ بن گئی۔
موئرا روز کے کردار پر انہیں 2020 میں ایمی ایوارڈ برائے بہترین اداکارہ ملا، ساتھ ہی گولڈن گلوب اور SAG ایوارڈ بھی حاصل کیے۔